اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام، تنخواہ دار طبقے اور کاروباری برادری کو ریلیف فراہم کرنے پر حکومتی معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر اور پوری معاشی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے قوم سے کیے گئے وعدوں کے مطابق بجٹ میں تنخواہ دار طبقے، کاروباری برادری اور عام شہریوں کو ریلیف فراہم کیا ہے۔ جبکہ معاشی اشاریوں میں بہتری کے ثمرات ملک کے ہر شہری تک پہنچانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
معاشی ٹیم نے وزیراعظم کی جانب سے اپنی کاوشوں کی ستائش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ محدود مالی وسائل اور معاشی چیلنجز کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی گئی ہے۔
معاشی ٹیم کے ارکان نے اس بات پر بھی وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بجٹ کی تیاری کے دوران تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت، عوامی ریلیف کے اقدامات اور بین الاقوامی مالیاتی امور سے متعلق معاملات میں خصوصی دلچسپی لی۔
اسلام آباد: 24 جون 2026.
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوام اور کاروباری برادری کے لیے ریلیف کو مد نظر رکھتے ہوئے آئندہ مالی سال کا بجٹ تشکیل دینے پر حکومتی ٹیم بالخصوص وزارت خزانہ کی ٹیم کی پزیرائی کی.
وزیراعظم نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد… pic.twitter.com/Fzo0gDT9eO
— Prime Minister’s Office (@PakPMO) June 24, 2026
حکومتی معاشی ٹیم کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر بجٹ کی تیاری کے لیے متعدد اجلاس منعقد کیے گئے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی آراء اور تجاویز کو مدنظر رکھا گیا تاکہ ایک متوازن بجٹ پیش کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا اسمبلی نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دے دی
اجلاس میں معاشی ٹیم نے وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کی معاشی ترقی، استحکام اور عوامی خوشحالی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
