یورپی فٹبال تنظیم نے چیک ویمنز فٹبال کوچ پیٹرفلاخوفسکی پر خواتین کھلاڑیوں کی خفیہ ویڈیوز بنانے کے الزام میں تاحیات پابندی عائد کر دی ہے۔
یوئیفا کے مطابق کوچ نے کئی برسوں تک ڈریسنگ رومز اور شاورز میں خفیہ طور پر کھلاڑیوں کی ویڈیوز ریکارڈ کیں، جن میں کم عمر لڑکیاں بھی شامل تھیں۔
رپورٹس کے مطابق پیٹر ولاخوفسکی اس سے پہلے چیک کلب ون ایف سی سلاویکو اور چیک انڈر 19 ویمنز ٹیم کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔ انہیں 2025 میں مقامی عدالت نے ایک سال کی معطلی کی سزا اور پانچ سالہ کوچنگ پابندی کی سزا دی تھی، تاہم یوئیفا نے مزید تحقیقات کے بعد اب ان پر تاحیات ہر قسم کی فٹبال سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی لگا دی ہے۔
یوئیفا نے عالمی فٹبال ادارے فیفا سے بھی درخواست کی ہے کہ اس پابندی کو بین الاقوامی سطح پر بھی نافذ کیا جائے جب کہ چیک فٹبال ایسوسی ایشن سے ان کا کوچنگ لائسنس منسوخ کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
فٹبالرز کی عالمی تنظیم نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام واضح پیغام دیتا ہے کہ خواتین کھلاڑیوں کے خلاف ہراسانی اور بدسلوکی برداشت نہیں کی جائے گی۔
