بیجنگ: چین کی وزارت خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دنیا کے لیے ایک مثبت پیغام قرار دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والا معاہدہ کشیدگی میں کمی اور خطے میں استحکام کے لیے اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو مل کر معاہدے کے تحفظ، مؤثر نفاذ اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانا چاہیے۔
ترجمان نے کہا کہ ایران اور امریکا نے ایک دوسرے کی خودمختاری اور قومی مفادات کے احترام کا عہد کیا ہے۔ جو باہمی اعتماد اور تعلقات میں بہتری کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین ہمیشہ اختلافات کے حل کے لیے مذاکرات، سفارتکاری اور تعمیری بات چیت پر یقین رکھتا ہے۔ اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے قیام کے لیے کی جانے والی ہر مثبت کوشش کی حمایت کرتا ہے۔
چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ بیجنگ خلیجی اور علاقائی ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی ایرانی کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔ اور خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کے فروغ کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کا جنوبی لبنان سے فوجیں واپس نہ بلانے کا اعلان
چین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے، علاقائی ہم آہنگی اور پائیدار امن کے قیام کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر تعاون جاری رکھے گا۔
