تل ابیب: اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ اسرائیل جنوبی لبنان سے اپنی فوجیں واپس نہیں بلائے گا۔ چاہے اس حوالے سے امریکا کی جانب سے کوئی مطالبہ ہی کیوں نہ کیا جائے۔
اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کی موجودگی برقرار رکھی جائے گی اور ماضی جیسی سیکیورٹی صورتحال دوبارہ پیدا نہیں ہونے دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل اپنی سرحدی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔ ماضی میں سیکیورٹی زونز میں سڑک کنارے بم دھماکوں اور اسرائیلی فوجیوں پر حملوں کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔ اسی وجہ سے اسرائیل ایسے خطرات کو دوبارہ جنم لینے کی اجازت نہیں دے گا۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا کہ جنوبی لبنان میں جاری اسرائیلی حملوں اور زمینی کارروائیوں کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے تقریباً 2 لاکھ افراد تاحال اپنے گھروں کو واپس نہیں جا سکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا کی جانب سے ایران کو کوئی رقم نہیں دی گئی، ڈونلڈ ٹرمپ
واضح رہے کہ اسرائیلی وزیر دفاع کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جنوبی لبنان کی صورتحال، اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی اور جنگ بندی کی کوششوں پر بین الاقوامی سطح پر توجہ مرکوز ہے۔ اسرائیل کے اس مؤقف سے خطے میں کشیدگی کے مزید بڑھنے کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
