پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی نے مالی سال 27-2026 کا صوبائی بجٹ کثرت رائے سے منظور کر لیا۔ جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) میں مجوزہ ترامیم کی بھی منظوری دے دی گئی۔
خیبر پختونخوا اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران صوبائی وزیر قانون و خزانہ آفتاب عالم اور مختلف محکموں کے وزراء نے مجموعی طور پر 66 مطالبات زر کی منظوری کے لیے الگ الگ تحاریک ایوان میں پیش کیں، جنہیں اکثریتی رائے سے منظور کر لیا گیا۔
ایوان نے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ترامیم کی منظوری دیتے ہوئے اسمبلی کے اخراجات کے لیے 62 کروڑ 79 لاکھ روپے مختص کرنے کی بھی منظوری دی۔
منظور شدہ بجٹ کے تحت محکمہ خزانہ کے لیے 14 ارب 73 کروڑ روپے، محکمہ داخلہ کے لیے 4 ارب 56 کروڑ روپے سے زائد اور پولیس کے لیے ایک کھرب 38 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اسی طرح اعلیٰ تعلیم کے شعبے کے لیے 52 ارب 46 کروڑ 10 لاکھ روپے جبکہ محکمہ صحت کے لیے 2 کھرب 62 ارب 62 کروڑ روپے کی خطیر رقم منظور کی گئی ہے۔ جو صوبے میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے استعمال کی جائے گی۔
بجٹ میں محکمہ مواصلات کے لیے 7 ارب 77 کروڑ روپے، محکمہ آبپاشی کے لیے 11 ارب 27 کروڑ روپے، محکمہ معدنی ترقی کے لیے 2 ارب 27 کروڑ روپے اور محکمہ بہبودِ آبادی کے لیے ایک ارب 24 کروڑ روپے کے فنڈز بھی منظور کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شناختی کارڈ پاکستانی شہریت کا حتمی ثبوت نہیں، لاہور ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ
حکومت کا کہنا ہے کہ بجٹ اور ترقیاتی پروگرام صوبے میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری، عوامی خدمات کے فروغ اور معاشی سرگرمیوں کو تقویت دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
