امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے مشیروں کو واضح کر دیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف دوبارہ جنگ نہیں کریں گے۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے کے مطابق صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ جب تک ایران کی جانب سے امریکی فوجیوں کو نشانہ نہیں بنایا جاتا، تب تک کوئی جنگ نہیں ہو گی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ خطے میں جنگ کو مزید پھیلانا نہیں چاہتی اور معاملات کے سفارتی حل کو ترجیح دے رہی ہے۔
دوسری جانب عرب میڈیا نے ایک اسرائیلی کاروباری شخصیت کے حوالے سے صدر ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے درمیان انتہائی تلخ گفتگو کا دعویٰ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم کو مطالبات نہ ماننے کی صورت میں جیل بھیجنے کی دھمکی دی ہے۔
اس کے علاوہ نیتن یاہو کے بیٹے یائر کو امریکا سے بے دخل کرنے اور امریکا میں موجود نیتن یاہو خاندان کے تمام اثاثے منجمد کرنے کی دھمکی بھی دی گئی ہے۔
رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم کی اہلیہ سارا نیتن یاہو سے بھی رابطہ کیا اور ان سے کہا کہ وہ اپنے شوہر کو امریکی مطالبات ماننے پر آمادہ کریں۔
اسرائیلی کاروباری شخصیت کے مطابق سارا نیتن یاہو نے اس گفتگو کے بعد اپنے شوہر پر شدید دباؤ ڈالا، جس کے نتیجے میں نیتن یاہو نے بعد ازاں خود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے رابطہ کیا۔
