بلوچستان میں آپریشن العزم کے تحت سکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں ، ہلاک دہشتگردوں کی تعداد 16 ہو گئی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ میں فتنہ الہندوستان کو بھاری نقصانات کا سامنا ہے ، مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں اور کمین گاہوں کو تباہ کر دیا گیا۔
ذرائع ک مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ و دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کر لیا۔
بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 10 دہشتگرد ہلاک، آئی ایس پی آر
ذرائع نے بتایا کہ آپریشن العزم میں اب تک فتنہ الہندوستان کے 16 دہشتگرد ہلاک ہو چکے ہیں ، بلوچستان سے دہشتگردی کے خاتمے اور امن وامان کے قیام تک سکیورٹی فورسزکی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
گزشتہ روز بھی مستونگ میں سکیورٹی فورسز نے موثر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے تین دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا تھا ، آپریشن کے دوران کئی دہشتگرد زخمی بھی ہوئے تھے۔
علاوہ ازین گزشتہ روز جنوبی وزیرستان میں بھی سکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام بنا کر 4 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 25 جولائی کو بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔
بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 24 خارجی دہشتگرد ہلاک، آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کے مطابق جوابی کارروائی میں دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی سمیت خودکش حملہ آور کو چیک پوسٹ کی حدود سے باہر ہی تباہ کر دیا گیا، جبکہ مجموعی طور پر چار دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ دہشتگرد چیک پوسٹ کی سیکیورٹی توڑنے میں ناکام رہے ، حملے سے چیک پوسٹ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
