اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واٹس ایپ صارفین کو ہیکنگ اور سائبر فراڈ سے محفوظ رکھنے کے لیے اہم حفاظتی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
پی ٹی اے حکام نے اپنے ایک جاری بیان میں کہا ہے کہ چند آسان سیکیورٹی اقدامات اپنا کر صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو غیر مجاز رسائی سے محفوظ بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سائبر مجرم مسلسل واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں، اس لیے صارفین کو چاہیے کہ وہ اپنے اکاؤنٹس کی سیکیورٹی مزید مضبوط بنائیں۔
اتھارٹی نے ہدایت کی کہ واٹس ایپ کا سیکیورٹی نوٹیفکیشن فیچر ضرور فعال کیا جائے۔ اس کے لیے صارفین واٹس ایپ کی سیٹنگ میں جا کر اکاؤنٹ اور پھر سیکیورٹی نوٹیفکیشنز کے آپشن میں “شو سیکیورٹی نوٹیفکیشنز” کو آن کریں۔ اس فیچر کے فعال ہونے سے اکاؤنٹ کی سیکیورٹی میں کسی بھی تبدیلی کی فوری اطلاع موصول ہو گی۔
پی ٹی اے نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کے ساتھ ایک محفوظ اور فعال ای میل ایڈریس بھی منسلک کریں تاکہ ہیکنگ یا کسی ہنگامی صورتحال میں اکاؤنٹ کی بحالی آسانی سے ممکن ہو سکے۔
اتھارٹی نے “ٹو اسٹیپ ویریفکیشن” کو بھی لازمی فعال کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ یہ اضافی حفاظتی فیچر ہیکرز اور سائبر مجرموں کو اکاؤنٹ تک غیر مجاز رسائی حاصل کرنے سے روکنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فیس بک صارفین کیلئے خوشخبری، میٹا کا مفت بلیو ٹک پروگرام متعارف
پی ٹی اے نے زور دیا کہ معمولی سی احتیاط صارفین کے ذاتی ڈیٹا، رابطوں اور ڈیجیٹل زندگی کو محفوظ بنا سکتی ہے، جبکہ غفلت کی صورت میں سائبر فراڈ اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
