ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے باعث چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے مزید 19 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
لاہور گڑھی شاہو میں گھر کی چھت گرنے سے میاں بیوی اور بیٹی جاں بحق جبکہ ایک بیٹی زخمی ہو گئی، اس کے علاوہ گجرات میں چھت گرنے سے 3 بہن بھائی زندگی کی بازی ہار گئے، جن میں 15 سالہ علی، 14 سالہ ایمان اور 13 سالہ فلک شیر شامل ہیں۔
قصور میں چھت گرنے سے 7 سالہ بچے سمیت 2 افراد چل بسے، حجرہ شاہ مقیم میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہو گئے۔
کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
قصور راجہ جنگ میں بارش کے باعث جمع پانی میں ڈوب کر 2 بچے جاں بحق ہو گئے، جاں بحق بچوں کی 10 سالہ سعد اور 11 سالہ احسان کے ناموں سے شناخت ہوئی ہے۔
بہاولنگر میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص ، اوکاڑہ میں 7 سالہ بچہ اور ڈسکہ میں بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگنے سے 5 بچوں کا باپ دم توڑ گیا۔
شیخوپورہ میں مسافر بس پر بجلی کے تار گرنے کے نتیجے میں بس کنڈیکٹر جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہو گئے، عمر کوٹ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک بچہ چل بسا، جبکہ تھرپارکر میں ایک شخص پانی میں ڈوب کر چل بسا۔
خیبرپختونخوا میں بارشوں نے تباہی مچا دی، حادثات میں 14 افراد جاں بحق، الرٹ جاری
ادھر ہنگو کے علاقے درسمند میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں 2 بچے دم توڑ گئے اور 2 خواتین سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے ، مختلف شہروں میں فلیش فلڈ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
