جرمنی کے دارالحکومت برلن میں LGBTQ (پرائیڈ) پریڈ کے دوران ایک کار ہجوم پر چڑھ دوڑی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 16 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ واقعہ ہفتہ کی رات مقامی وقت کے مطابق تقریباً 10 بجے پیش آیا، جس کے بعد پولیس نے جاری پرائیڈ تقریب فوری طور پر منسوخ کر دی۔
شمالی جرمنی میں فلاحی مرکز پر اندھا دھند فائرنگ، 6 افراد ہلاک، 2 گرفتار
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایک سفید رنگ کی کار نے شہر کے وسط میں واقع ٹیئرگارٹن پارک میں، جہاں سے پرائیڈ مارچ کا راستہ گزرتا ہے، کئی افراد کو ٹکر ماری اور بعد ازاں ایک درخت سے جا ٹکرائی۔
برلن پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ واقعے میں کم از کم 16 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس نے تقریب میں موجود تمام افراد کو فوری طور پر علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کی۔
پولیس کے مطابق گاڑی جائے وقوعہ پر چھوڑ دی گئی تھی، جبکہ مشتبہ شخص کی گرفتاری کے لیے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس اہلکاروں نے پوٹسڈامر پلاٹس اور ٹیئرگارٹن ٹنل کے جنوبی حصے کے درمیان علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے، جبکہ امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی۔
امریکا کا جرمنی سے 5 ہزار فوجیوں کے انخلا کا اعلان
اتوار کی صبح پولیس نے بتایا کہ ایک مشتبہ شخص کی شناخت کر لی گئی ہے، تاہم اسے ابھی تک گرفتار نہیں کیا جا سکا۔پولیس ترجمان فلوریان ناتھ کے مطابق مشتبہ شخص پہلے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے علم میں تھا۔
