وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پولیس اور دیگر فورسز کی بہترین ٹریننگ اور نئی ٹیکنالوجی اہم ہے۔دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کی صوبائی ایپکس کمیٹی کااجلاس کوئٹہ میں منعقد ہوا،اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی،وفاقی وزرا خواجہ آصف، احسن اقبال، محسن نقوی، عطا تارڑ، خالد مگسی، جام کمال نے شرکت کی۔
شرکا کو بلوچستان میں سیکیورٹی ،ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت،منصوبہ بندی اور دیگرامور پربریفنگ دی گئی ۔انسداد دہشتگردی اقدامات کیلئے فیلڈمارشل سید عاصم منیر اور پاک افواج کوخراج تحسین پیش کیا گیا،وزیراعظم نے عوامی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات پروزیراعلیٰ سرفرازبگٹی اورانکی ٹیم کی پذیرائی کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے بلوچستان کی رخشان ڈویژن میں فرنٹیئر کور تعینات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس امر سے بلوچستان میں معدنیات کے تحفظ کیلئے ایک راہداری قائم ہو گی۔
سیکیورٹی راہداری میں فرنٹیئر کور کے اضافی ونگز، چیک پوسٹس، سرویلنس گرڈ شامل ہوں گی،پاکستان قدرتی وسائل بالخصوص معدنیات سے مالامال ہے، بلوچستان میں محفوظ ماحول کی فراہمی عالمی کمپنیوں کا اعتماد برقرار رکھنے کیلئے ناگزیر ہے۔
دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پولیس اور دیگر فورسز کی بہترین ٹریننگ اور نئی ٹیکنالوجی اہم ہے،حکومت نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے ،بلوچستان میں انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت اور مواصلات کے شعبوں پر توجہ دی جا رہی ہے۔
پاکستان کو دنیا ایماندار ثالث کے طور پر تسلیم کر رہی ہے، وزیر اعظم
شرکا کو گورننس کے نظام میں بہتری کیلئے اقدامات، ڈیجیٹائزیشن، کیش لیس اکانومی سے متعلق آگاہ کیاگیا، بریفنگ میں بتایا گیا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے تمام ادارے سرگرم عمل ہیں۔
نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے یوتھ اسکلز پروگرام اور دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے،نومبر 2024 سے اب تک ایک بھی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کا دورہ کیا،کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وزیراعظم نے قومی خود مختاری کے تحفظ اور امن و استحکام کیلئے مسلح افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کے بہادربیٹوں اوربیٹیوں کے درمیان موجودگی باعث اعزاز ہے،ہمیں اپنے محافظوں پرفخرہے، جوہماری خودمختاری کے نگہبان ہیں،کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ نظم وضبط،قیادت اورپیشہ ورانہ تربیت کی درخشاں روایات کاامین ہے۔

دوست ممالک سے آئے ہوئے مہمان افسروں کوبھی خوش آمدید کہتاہوں،ایک سال قبل بھارت نے پاکستان پرجارحیت مسلط کی ،دشمن نے خود کوہم سے زیادہ طاقتور سمجھنے کی غلطی کی،پاکستان نے دشمن کومذاکرات کی مخلصانہ پیشکش کی ،بھارت نے پاکستان کی مخلصانہ اورسنجیدہ مذاکراتی پیشکش کونظراندازکیا۔
بھارت نے کشیدگی،تشدداورجارحیت کاراستہ اختیارکیا،امن کی کوششیں کمزوری نہیں،درحقیقت ہماری طاقت تھی،پاکستان کے طیاروں اورفتح میزائلوں نے دشمن کوسبق سکھایا،سفارتی محاذ پر بھی پاکستان کاموقف درست ثابت ہوا،ہمارے دشمن کے موقف کو ہر سطح پر رد کردیاگیا۔
دنیا نے بھارت کاجھوٹا بیانیہ یکسرمستردکیا،پاکستان کاموقف دنیا نے قبول کیااس لئے کہ وہ سچ پرمبنی تھا،اس کے بعد کوئی بھی پاکستان پر بری نظر ڈالنے کی جرأت نہیں کریگا۔
ہر جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا، وزیر اعظم کا دوٹوک اعلان
انسداددہشتگردی آپریشن گزشتہ2دہائیوں سے مسلسل جاری ہے،غضب للحق مہم نے ہمارے دشمن کے دل میں خوف پیدا کردیاہے،دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
ایران تنازع نے پورے خطے کو غیریقینی صورتحال اور معاشی کمزوری میں دھکیلا،پاکستان نے دونوں فریقین کو مذاکرات کے ذریعے امن کی راہ اختیارکرنے کی تلقین کی،ہماری سفارتی کوششوں کے نتیجے میں امریکا اور ایران نے جنگ بندی کااعلان کیا،صدر ٹرمپ کی جرأت مندانہ قیادت اور صدر پزشکیان کاشکریہ اداکرتاہوں،دونوں رہنماؤں نے ہماری درخواست پر مثبت جواب دیا۔
وزیراعظم نے جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ امن اور ترقی کیلئے ملٹری ڈپلومیسی، اور بطور ریجنل اسٹیبلائزر پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے۔
