اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے دوٹوک اعلان کیا کہ ہر جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے معرکہ حق کی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں کہا کہ “معرکہ حق” اللہ تعالیٰ کے بے شمار انعامات پر سجدہ شکر ادا کرنے کا دن ہے. اور آج اس عزم کو یاد کیا جا رہا ہے جس کا مظاہرہ پاکستان نے آزمائش کی گھڑی میں کیا
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔ جبکہ قوم شہداء، ان کے اہل خانہ اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ ان کے مطابق شہداء اور غازی فولادی دیوار بن کر وطن کے دفاع کے لیے ڈٹ گئے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کے مربوط اور منظم ردعمل نے ملک کو ناقابل تسخیر قوت کے طور پر منوایا۔ قوم امن پسند ہونے کے ساتھ ساتھ بہادر، باوقار اور غیرت مند ہے اور کسی جارحیت کے سامنے نہیں جھک سکتی۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں دشمن کی بلا اشتعال جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیا گیا۔ اور اس کے زعم کو خاک میں ملا دیا گیا۔
وزیر اعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سندھو اور نیول چیف نوید اشرف کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کے لیے ہر جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔ پاکستان فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
شہباز شریف نے مسئلہ کشمیر پر مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ یہ تنازع اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ اور پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان مہنگے پیٹرول میں سب سے آگے
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے ثالثی کردار، خصوصاً امریکا ایران تنازع میں، کو سراہا گیا ہے اور پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست کے طور پر ابھر رہا ہے۔
