پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عباس نے بنگلا دیش کے خلاف سلہٹ ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پروفیشنل کرکٹ میں ایک ہزار وکٹوں کا تاریخی سنگ میل عبور کر لیا۔
پاکستانی فاسٹ باؤلر نے سلہٹ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 3 وکٹیں حاصل کر کے اپنی مجموعی وکٹوں کی تعداد ایک ہزار تک پہنچائی۔
اعداد و شمار کے مطابق محمد عباس نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 884، لسٹ اے میں 84 جبکہ ٹی 20 کرکٹ میں 32 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ سلہٹ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیم 278 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ جبکہ محمد عباس نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے محمود الحسن جوئے، تنزید حسن اور کپتان نجم الحسن شانتو کو پویلین کی راہ دکھائی۔
36 سالہ محمد عباس یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے چھٹے فاسٹ باؤلر بن گئے۔ اس سے قبل وسیم اکرم، وقار یونس، عمران خان، محمد عامر اور عمر گل بھی یہ سنگ میل عبور کر چکے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بیرون ملک ٹیسٹ کرکٹ میں محمد عباس کی اوسط 23.02 رہی ہے۔ جو 100 سے زائد ٹیسٹ وکٹیں لینے والے باؤلرز میں بہترین اوسط قرار دی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دوسرا ٹیسٹ میچ، بنگلہ دیش 278 رنز بنا کر آل آؤٹ، لٹن داس کی شاندار سنچری
اعداد و شمار کے مطابق وہ اب تک 51 ٹیسٹ اننگز میں 109 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ جن میں صرف 9 وکٹیں پاکستان میں جبکہ باقی تمام غیر ملکی میدانوں میں حاصل کی گئیں۔
