سلہٹ: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش پہلی اننگ میں 278 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بنگلہ دیش کی جانب سے محمود الحسن اور تنزید حسن بیٹنگ کے لیے آئے۔ محمود الحسن بغیر کوئی رنز بنائے محمد عباس کی گیند پر سلمان آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
تنزید حسن نے 26 رنز بنائے انہیں محمد عباس نے اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کیا، مومن الحق 22 رنز بنا کر خرم شہزاد کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ نجمل حسین شانتو 29 رنز بنا سکے، وہ بھی محمد عباس کا شکار بنے ان کا کیچ وکٹ کیپر محمد رضوان نے لیا۔
بنگلہ دیش کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ، قومی ٹیم میں تین اہم تبدیلیاں
مشفق الرحیم 23 رنز بنا کر خرم شہزاد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، مہدی حسن میراز 4 رنز بنا کر خرم شہزاد کی گیند پر حسن علی کو کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے۔
بنگلہ دیش کی ساتویں وکٹ 176 کے مجموعی اسکور پر گری، تیج الاسلام 16 رنز بنا کر ساجد خان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ اسکور جب 214 رنز پر پہنچا تو آٹھویں وکٹ تسکین احمد کی گری، انہوں نے سات رنز بنائے اور خرم شہزاد کی گیند پر سلمان آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے لٹن داس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 126 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ناہید رانا بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔
بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 278 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے چار، محمد عباس نے تین، حسن علی نے دو جبکہ ساجد خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
