سعودی عرب نے کھیلوں کی دنیا میں ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اپنی پہلی فرنچائز کرکٹ لیگ ’’ڈیونز لیگ ٹی ٹوئنٹی‘‘ کے آغاز کا اعلان کردیا ہے، جس کا پہلا ایڈیشن رواں سال اکتوبر میں کھیلا جائے گا۔ لیگ کو سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن (SACF) کی باقاعدہ منظوری حاصل ہے اور اس میں دنیا بھر کے ریٹائرڈ مگر فرنچائز کرکٹ میں متحرک معروف کھلاڑی شرکت کریں گے۔
کرک انفو کے مطابق سعودی عرب گزشتہ چند برسوں سے عالمی کھیلوں میں اپنی سرمایہ کاری اور بڑے ایونٹس کے انعقاد کے باعث نمایاں حیثیت اختیار کرچکا ہے۔ فٹبال، ٹینس، باکسنگ اور گالف کے بعد اب سعودی عرب نے کرکٹ کی دنیا میں بھی باضابطہ انٹری دے دی ہے۔
پی سی بی نے 5 قومی کرکٹرز کو انگلش کاؤنٹی کھیلنے کے لیے این او سی جاری کر دیے
ذرائع کے مطابق ’’ڈیونز لیگ ٹی ٹوئنٹی‘‘میں 6 ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ میچز جدہ کے قریب واقع شہر طائف میں کھیلے جائیں گے۔ لیگ کو جنوبی ایشیائی نیٹ ورک اور دو بڑی ٹیلنٹ ایجنسیز کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔ ان ایجنسیز میں یونیک اسپورٹس گروپ اور پرولتھکشامل ہیں، جو متعدد عالمی کرکٹرز کی نمائندگی کرتی ہیں۔
سابق بھارتی آل راؤنڈر Yuvraj Singh کو لیگ کا سفیر مقرر کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق لیگ میں ایسے کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے گا جو بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں لیکن دنیا بھر کی فرنچائز لیگز میں اب بھی سرگرم ہیں۔
سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کا کہنا ہے کہ اس لیگ کا مقصد ملک کوعالمی کرکٹ نقشے پر نمایاں کرنا اور مقامی ٹیلنٹ کو فروغ دینا ہے۔ حکام کے مطابق ہر ٹیم میں زیادہ سے زیادہ چار ایسے کھلاڑی شامل کیے جاسکیں گے جنہوں نے گزشتہ دو برس میں کسی فل ممبر ملک کی نمائندگی کی ہو، تاکہ آئی سی سی کی منظوری کے پیچیدہ مراحل سے بچا جاسکے۔
شاہین آفریدی نے بین الاقوامی کرکٹ میں ایک اور سنگ میل عبور کر لیا
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ لیگ میں شریک کھلاڑیوں کو ایک لاکھ امریکی ڈالر تک معاوضہ دیے جانے کا امکان ہے، جس سے کرکٹ حلقوں میں اس نئی لیگ کو غیر معمولی توجہ حاصل ہورہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ چند برسوں سے یہ افواہیں گردش کررہی تھیں کہ سعودی عرب ایک بڑی ٹی ٹوئنٹی لیگ متعارف کراسکتا ہے، جو مستقبل میں دنیا کی معروف لیگز کو چیلنج بھی دے سکتی ہے۔
