امریکی ریپر پِٹ بل نے لندن میں ہونے والے اپنے ہاؤس فل کنسرٹ کے دوران منفرد گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق لندن کے بی ایس ٹی ہائیڈ پارک میں منعقدہ کنسرٹ کے دوران 22 ہزار 141 مداحوں نے پِٹ بل کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے گنجے نظر آنے والی مصنوعی ٹوپیاں (Bald Caps) پہنیں، جس کے بعد ایک ہی مقام پر بالڈ کیپس پہننے والے افراد کے سب سے بڑے اجتماع کا نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم ہو گیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے جج ول منفورڈ نے اس ریکارڈ کی باضابطہ تصدیق کی ہے۔
گزشتہ چند برسوں سے پِٹ بل کے مداح ان کے مخصوص انداز کی نقل کرتے ہوئے بالڈ کیپ، سیاہ چشمہ اور سوٹ پہن کر کنسرٹس میں شرکت کرتے ہیں، اس منفرد روایت کے باعث مداح خود کو Bald Es بھی کہنے لگے ہیں۔
پِٹ بل نے اس سے قبل خواہش ظاہر کی تھی کہ اس منفرد رجحان کو گنیز ورلڈ ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے، جو اب حقیقت بن چکا ہے۔
View this post on Instagram
بی ایس ٹی ہائیڈ پارک میں ہونے والے اس تاریخی کنسرٹ میں تقریباً 70 ہزار شائقین شریک ہوئے، جس کے ساتھ ہی یہ فیسٹیول کی تاریخ کا سب سے زیادہ حاضرین والا میوزیکل ایونٹ بن گیا۔
دنیا بھر کے مداحوں نے بھی پِٹ بل کے سرکاری یوٹیوب چینل پر 3 گھنٹے طویل لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے اس یادگار لمحے کو دیکھا۔
کنسرٹ کے دوران پِٹ بل نے اپنے مقبول گانے پیش کیے، جس سے حاضرین کافی محظوظ ہوئے ، ان کے ساتھ معروف گلوکار لِل جون اور کیشا نے بھی خصوصی شرکت کی۔
پِٹ بل نے برطانوی مداحوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے بینڈ اویسس کا مشہور گانا بھی گایا، جبکہ رنگا رنگ آتش بازی کے شاندار مظاہرے نے شو کو یادگار بنا دیا۔
