پی ٹی آئی کارکن ماجدستی قتل کیس میں فرخ کھوکھر سمیت 3ملزمان کو سزائیں سنادی گئیں۔
سیشن کورٹ راولپنڈی نے مجرم فرخ کھوکھر کو عمر قید،10 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم دے دیا، مقدمے میں نامزد ملزم وسیم کو بری کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

فرخ کھوکھر کو سنائی گئی سزا
بعدازاں ماجد ستی قتل کیس کا تفصیلی فیصلہ بھی جاری کر دیا گیا۔ مرکزی ملزم فرخ تاجی کھوکھر، ملزم امیر حمزہ اور ملزم حیدر نواز کو عمر قید اور فی 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔

امیر حمزہ کو سنائی گئی سزا
بعدازاں تمام ملزمان کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔۔

حیدر نواز کو سنائی گئی سزا
فیصلہ سنائے جانے سے قبل عدالت نے جے یو آئی کے رہنما فرخ کھوکھر کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا تھا۔
جوڈیشل کمپلیکس راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی ، پولیس کی بھاری نفری تعینات موجود تھی،فریقین کے ورثاء اور وکلاء کی بڑی تعداد بھی عدالت کے باہر موجود تھی ۔
یاد رہے ماجد ستی کو 8 اگست 2022 کو راولپنڈی کے علاقے سکستھ روڈ پر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا،ماجد ستی قتل کیس کا مقدمہ تھانہ صادق آباد میں درج ہے۔

درج ایف آئی آر کا عکس
واضح رہے فرخ کھوکھر پیپلز پارٹی سے مستعفی ہوکر جمعیت علمائے اسلام میں شامل ہوگئے تھے۔

فرخ کھوکھر ، مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرتے ہوئے
یاد رہے مقتول ماجد ستی کا تعلق پی ٹی آئی سے تھا اور پلاٹ پر قبضہ روکنے پر ماجد ستی کو قتل کیا گیا تھا۔
فرخ کھوکھر کون ہیں؟
فرخ کھوکھر کا تعلق سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نواز کھوکھر اور سابق سینیٹر اور بلاول بھٹو زرداری کے سابق ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر کے خاندان سے ہے۔
وہ نواز کھوکھر کے بھتیجے، مصطفیٰ نواز کھوکھر کے چچا زاد بھائی اور امتیاز کھوکھر المعروف تاجی کھوکھر کے صاحبزادے ہیں۔
فیصلے پر فرخ کھوکھر نے کیا کہا؟
مرکزی ملزم فرخ کھوکھر کا کہنا تھا کہ مجھے غلط سزا دی گئی، موقع پر نہیں تھا، فیصلہ انتقامی کارروائی ہے۔ وکلاء کو سزا چیلنج کرنے کی ہدایت کر دی۔
