لاہور، پاکستان مرکزی مسلم لیگ اور استحکام پاکستان پارٹی نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے انتخابی اتحاد کا اعلان کر دیا ہے۔
لاہورمیں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات میں باہمی تعاون کے تحت لاہور ڈویژن کی دونوں نشستوں پراستحکام پاکستان پارٹی، پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے امیدواروں کی بھرپور حمایت کرے گی۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس انتخابی اتحاد کا مقصد عوام کو بہتر قیادت فراہم کرنا اور خطے میں ترقی، استحکام اورعوامی مسائل کے حل کے لئے مشترکہ جدوجہد کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتیں انتخابی مہم کے دوران ایک دوسرے کے امیدواروں کے حق میں بھرپور کردار ادا کریں گی اور آئندہ بھی باہمی مشاورت سے سیاسی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
پریس کانفرنس کے دوران رہنماؤں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے شہداء سے متعلق بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء پوری قوم کا فخر اور پاکستان کی عزت ہیں۔
آزاد کشمیر کے حالات پر تشویش ہے، پاک فوج ہماری ریڈ لائن ہے، بلاول بھٹو
ان کا کہنا تھا کہ ملک کے دفاع اور امن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیوں پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمان اپنے بیان پر نظرثانی کریں اور شہداء کے لواحقین سمیت پوری قوم سے معذرت کریں۔
رہنماؤں نے کہا کہ قومی سلامتی، شہداء کی عظیم قربانیوں اور ملکی یکجہتی کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کو ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنا چاہیے اور ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہیے جو قومی جذبات کو مجروح کریں۔
