انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مینز کرکٹ ورلڈ کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فارمیٹس میں اہم تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے، جن کا مقصد ہر مرحلے پر مقابلوں کو زیادہ دلچسپ، مسابقتی اور اہم بنانا ہے۔
آئی سی سی کے فیصلے کے مطابق 14 ٹیموں پر مشتمل مینز ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے تین مرحلوں پر مبنی نیا فارمیٹ متعارف کرایا گیا ہے۔
نئے نظام کے تحت ایونٹ کے آغاز میں عالمی رینکنگ میں 12 ویں، 13 ویں اور 14 ویں نمبر پرموجود ٹیموں کے درمیان “سپرسیریز” کھیلی جائے گی، جس کی فاتح ٹیم اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرے گی۔
دوسرے مرحلے میں مجموعی طور پر 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں ہرگروپ میں 6، 6 ٹیمیں شامل ہوں گی۔
اس مرحلے کے اختتام پر دونوں گروپس کی پہلی تین، تین ٹیمیں اوراس کے بعد بہترین ریکارڈ رکھنے والی ایک مزید ٹیم مجموعی طورپرسات ٹیموں کے “سپر 7” مرحلے میں جگہ بنائے گی۔
سپر7 مرحلے میں تمام سات ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں گی، جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پرسرفہرست چارٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی، جبکہ سیمی فائنلزکی فاتح ٹیمیں ٹائٹل کے لئے فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ نئے فارمیٹ کا مقصد ٹورنامنٹ کے پہلے ہی میچ سے ہر مقابلے کو زیادہ اہمیت دینا اور ٹیموں کے درمیان سخت مسابقت کو فروغ دینا ہے۔
دوسری جانب 20 ٹیموں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی نمایاں تبدیلی کرتے ہوئے سپر 8 کی جگہ “سپر 10” مرحلہ متعارف کرانے کی منظوری دی گئی ہے۔
میجر لیگ کرکٹ کیلئےاین او سی فیس کی وصولی ، پی سی بی کی وضاحت آگئی
ابتدائی مرحلے میں پانچ گروپس ہوں گے، جن میں ہر گروپ کی چار، چار ٹیمیں شامل ہوں گی، ہر گروپ سے دو بہترین ٹیمیں اگلے مرحلے میں پہنچیں گی، جہاں مجموعی طور پر 10 ٹیمیں سپر 10 کا حصہ بنیں گی۔
نئے فارمیٹ کے تحت سپر 10 مرحلے کے دونوں گروپس کی پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں براہ راست سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنیوالی ٹیموں کے درمیان پہلی بار ایلیمینیٹرمیچز کھیلے جائیںگے۔ ان میچوں کی فاتح ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
آئی سی سی نے اس کے علاوہ ایسوسی ایٹ ممالک کے لیے 16 ٹیموں پرمشتمل عالمی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی اصولی منظوری بھی دے دی ہے، جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل منعقد کیا جائے گا جبکہ اس کی حتمی منظوری نومبر میں متوقع ہے۔
آئی سی سی بورڈ نے 2028ء ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے نئے کوالیفکیشن نظام کی بھی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت 2026ء کے ورلڈ کپ میں براہ راست جگہ حاصل نہ کرنے والی ٹیمیں گلوبل کوالیفائر کھیلیں گی، جبکہ افریقا، ایشیا، یورپ، امریکا اور ایسٹ ایشیا پیسیفک ریجن سے ٹیمیں عالمی ایونٹ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
