پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے 5 اہم کھلاڑیوں کو انگلینڈ میں کاؤنٹی سیزن کھیلنے کے لیے این او سی جاری کر دیے ہیں۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق فاسٹ بولر حسن علی، محمد علی، عثمان طارق اور فہیم اشرف کو انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں شرکت کی اجازت مل گئی ہے، جبکہ محمد عباس کے این او سی کی مدت میں توسیع کر دی گئی ہے۔
قومی ٹیم کے تجربہ کار فاسٹ بولر حسن علی 22 مئی سے 5 جولائی تک یارکشائر کاؤنٹی کلب کی نمائندگی کریں گے۔ ان کے ہمراہ آل راؤنڈر فہیم اشرف کو بھی اسی کلب کے لیے 22 مئی سے 21 جولائی تک کا این او سی جاری کیا گیا ہے۔
فاسٹ بولر محمد علی کو ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ اور کاؤنٹی چیمپئن شپ کے لیے علیحدہ علیحدہ این او سی دیے گئے ہیں، وہ ناٹنگھم شائر کی جانب سے میدان میں اتریں گے۔
اسپنر عثمان طارق کو واروک شائر بیئرز کی نمائندگی کے لیے این او سی جاری کیا گیا ہے جبکہ سینئر فاسٹ بولر محمد عباس ڈربی شائر کاؤنٹی کی جانب سے جون اور پھر اگست سے ستمبر کے دوران ایکشن میں نظر آئیں گے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو این او سی جاری کرنے کا مقصد انہیں بین الاقوامی کرکٹ سے قبل بہتر ایکسپوزر فراہم کرنا ہے۔
