انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے مایوس کن خبریں سامنے آئی ہیں، جہاں بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں اہم کھلاڑیوں کی پوزیشن میں تنزلی دیکھی گئی ہے۔
بیٹنگ رینکنگ میں انگلینڈ کے جو روٹ اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں، تاہم پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل کو شدید دھچکا لگا ہے۔ وہ 6 درجے نیچے گر کر اب ٹاپ 10 سے باہر ہو کر 15 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
بولرز کی فہرست میں بھی پاکستان کے لیے صورتحال زیادہ بہتر نہیں رہی، جہاں تجربہ کار اسپنر نعمان علی 3 درجے تنزلی کے بعد پانچویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔
دوسری جانب آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کے لیے نئی رینکنگ خوش آئند ثابت ہوئی، وہ ایک درجہ بہتری کے ساتھ اب دنیا کے دوسرے بہترین ٹیسٹ بولر بن گئے ہیں۔
