پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2026 کے فائنل سے قبل پشاور زلمی کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی ہے، جہاں بنگلا دیش کے ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر ناہید رانا کو ایک بار پھر ایونٹ میں شرکت کی اجازت مل گئی ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ناہید رانا کو نیا نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کرتے ہوئے انہیں 3 مئی کو ہونے والے پی ایس ایل فائنل میں شرکت کی اجازت دے دی ہے۔ اس سے قبل بورڈ نے انہیں 13 اپریل تک محدود اجازت دی تھی، جس کے بعد انہیں ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت واپس بلا لیا گیا تھا۔
بابر اعظم نے پی ایس ایل میں نئے ریکارڈز بنا دئیے
بی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ ایک بڑے عالمی فرنچائز ٹورنامنٹ کے فائنل میں شرکت کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔ بورڈ کے مطابق ٹیم مینجمنٹ اور میڈیکل پینل نے مکمل جائزے کے بعد اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ناہید رانا کی شرکت ان کی فٹنس، ورک لوڈ یا قومی ذمہ داریوں پر منفی اثر نہیں ڈالے گی۔
دوسری جانب پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے اس فیصلے پر بی سی بی کے صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ناہید رانا کی واپسی ٹیم کے لیے نہایت اہم ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب ٹیم فائنل کی تیاریوں میں مصروف ہے۔
ভাই @TamimOfficial28 গত দুই ম্যাচে Nahid ও Shoriful-কে খেলার সুযোগ দেওয়ার জন্য অনেক অনেক ধন্যবাদ।
জালমি ফ্যানরা তাদের ODI’s শেষ হওয়ার পরপরই যত তাড়াতাড়ি সম্ভব দলে ফিরিয়ে আনতে চায়।
অনেক দোয়া ও ভালোবাসা ❤️— Javed Afridi (@JAfridi10) April 13, 2026
واضح رہے کہ ناہید رانا نے پی ایس ایل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے زلمی کی جانب سے چار میچز میں 7 وکٹیں حاصل کیں، جن کی اوسط 10.85 اور اکانومی ریٹ 5.42 رہی۔ کراچی کنگز کے خلاف میچ میں انہوں نے 7 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جس میں حریف ٹیم محض 87 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
پشاور زلمی کے فاسٹ باؤلر علی رضا کی کراچی کنگز کیخلاف ہیٹرک
بعد ازاں انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی اور 8 وکٹیں حاصل کرکے نمایاں رہے۔
یاد رہے کہ ناہید رانا کو ابتدائی طور پر چھ روز آرام دیا گیا تھا تاکہ وہ پاکستان کے خلاف 8 مئی سے ڈھاکہ میں شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں۔ تاہم بی سی بی نے واضح کیا ہے کہ وہ اب بھی قومی ٹیم کے لیے بروقت دستیاب ہوں گے۔
