ٹورنٹو: سیاہ پوش کی فائرنگ، خاتون ہلاک 13 زخمی


ٹورنٹو: کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں نامعلوم حملہ آور نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے ایک خاتون ہلاک جبکہ 13 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

عینی شاہدوں کا کہنا ہے کہ ٹورنٹو کے وسطی علاقے گریک ٹاؤن میں سیاہ کپڑوں میں ملبوس شخص نے پندرہ سے بیس  کے درمیان گولیاں چلائیں، پولیس کی آمد پر حملہ آور نے خود کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

پولیس کا کہنا ہے فائرنگ میں زخمی ہونے والے افراد کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، زخمی بچی کو سک کڈز اسپتال بھیجا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز اس کی جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ایمرجنسی ٹاسک فورس کے اہلکار موقع پر پہنچ  گئے ہیں اور انہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، ایمبولینسز کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی۔

پولیس نے عوام سے درخواست کی ہے کہ واقعے کے عینی شاہد سامنے آئیں تاکہ حقائق معلوم کیے جا سکیں، ابھی تک یہ واضح نہیں ہوا کہ یہ دہشت گردی کا واقعہ ہے یا کسی جنونی شخص کی کارروائی ہے۔

کینیڈا کے سب سے بڑے شہر ٹورنٹو میں رواں سال کے دوران فائرنگ کے 200 سے زائد واقعات ہو چکے ہیں جن میں بیس سے زیادہ واقعات میں ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔


متعلقہ خبریں