راولپنڈی، ترک بری افواج کے کمانڈر جنرل متین توکل نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ترک کمانڈر کی آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور تزویراتی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان موجود مضبوط دفاعی شراکت داری کو سراہا۔
مظفرآباد ہیلی کاپٹر حادثے کے شہدا کی نماز جناز ہ ادا
اس موقع پر دوطرفہ عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے اور ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔
بعد ازاں ترک بری افواج کے کمانڈر نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پیشہ ورانہ امور اور خطے میں بحری سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترک کمانڈر نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقات کی، جس میں عسکری تعاون اور دیگر پیشہ ورانہ امور پر گفتگو ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ترک کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور خطے میں امن و استحکام کے لیے کردار کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ تحسین قرار دیا۔
انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مزید وسعت دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
