وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے معاملے پر اہم اعلان کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کو حکومت بنانے کی دعوت دے دی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ حالیہ انتخابات میں پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، اس لیے جمہوری روایات اورعوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے حکومت سازی کا حق بھی اسی جماعت کو ملنا چاہیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے گلگت بلتستان اسمبلی میں اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے اور حکومت سازی کے عمل میں پیپلز پارٹی کی مکمل حمایت کرے گی۔
گلگت انتخابات، حتمی نوٹیفکیشن 14 روز کے اندرجاری کردیا جائیگا، چیف الیکشن کمشنر
انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے تمام منتخب اراکین اسمبلی حکومت کے انتخاب کے مرحلے میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دیں گے تاکہ عوامی مینڈیٹ کا احترام یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ جمہوری اقدار، سیاسی استحکام اور اتحادی جماعتوں کے ساتھ باہمی احترام کے اصولوں کو مقدم رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت نے ہر مشکل وقت میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ عزت اور اعتماد کا رشتہ برقرار رکھا ہے اور موجودہ فیصلہ بھی اسی سیاسی روایت کا تسلسل ہے۔
