ڈیجیٹل مالیاتی پلیٹ فارم ایزی پیسہ(easy Paisa) نے اپنی سروسز میں تکنیکی مسائل کی تصدیق کرتے ہوئے صارفین کو درپیش مشکلات پر معذرت کا اظہار کیا ہے۔
ایزی پیسہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے ایک اہم نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بعض صارفین وقفے وقفے سے آنے والے سروس خلل (Intermittent Service Disruptions) کا سامنا کر رہے ہیں۔ نوٹس کے مطابق یہ مسئلہ تمام صارفین کو متاثر نہیں کر رہا، تاہم متعدد صارفین کو ٹرانزیکشنز، اکاؤنٹ تک رسائی اور دیگر ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے استعمال میں دشواری پیش آ سکتی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ تکنیکی ماہرین اور متعلقہ ٹیمیں مسئلے کے حل کے لیے مسلسل کام کر رہی ہیں اور سروسز کو جلد از جلد مکمل طور پر بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ایزی پیسہ نے صارفین کو یقین دلایا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور جیسے ہی مسئلہ حل ہوگا، سروسز معمول کے مطابق دستیاب ہوں گی۔
ایزی پیسہ کی جانب سے جاری بیان میں صارفین سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔ کمپنی نے کہا کہ صارفین کی سہولت اور اعتماد ان کی اولین ترجیح ہے اور موجودہ تکنیکی رکاوٹ کو فوری طور پر دور کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے بھی ایزی پیسہ ایپ کے استعمال میں مشکلات کی شکایات کی ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ انہیں ٹرانزیکشنز مکمل کرنے اور بعض فیچرز تک رسائی حاصل کرنے میں مسائل کا سامنا ہے۔

ماہرین کے مطابق ڈیجیٹل بینکاری اور مالیاتی خدمات میں وقتاً فوقتاً تکنیکی رکاوٹیں سامنے آ سکتی ہیں، تاہم ایسے مواقع پر بروقت آگاہی اور مسئلے کے فوری حل کے لیے اقدامات صارفین کے اعتماد کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ایزی پیسہ نے کہا ہے کہ سروسز کی مکمل بحالی تک صارفین صبر کا مظاہرہ کریں، جبکہ کسی بھی نئی پیش رفت سے متعلق معلومات کمپنی کے سرکاری پلیٹ فارمز پر جاری کی جائیں گی۔
