پاکستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، شمال بالائی بلوچستان میں بھی موسم سرما کی پہلی بارش کا آغاز ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد،کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مزید بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
چمن شہر، قلعہ عبداللہ، توبہ اچکزئی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہون کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی کے کھمبے، دیواریں گر گئیں اور درخت اکھڑ گئے۔
شمال بالائی بلوچستان کے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی معطل ہو گئی، کان مہترزئی کے پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی۔ دس ماہ بعد ہونے والی بارش سے بلوچستان میں خشک سالی کا خاتمہ ہو گا۔
طویل خشک سالی کے بعد وادی نیلم کے زیریں علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، ضلعی ہیڈکوارٹر آٹھمقام سمیت گرد و نواح کے علاقوں میں گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، اڑنگ کیل، سرگن، شونٹھر، ہلمت، سرداری، جانوئی، تاوبٹ، جاگراں ویلی، رتی گلی، بابون میں برفباری ہو رہی ہے۔
بارش کے باعث دھوئیں گرد و غبار فضائی آلودگی کا بھی خاتمہ ہوگا، شبقدر اور گرد و نواح میں طویل خشک سالی کے بعد بارش شروع ہو گئی ہے، بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا، سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔
خشک سالی کا خاتمہ، ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی
پشاور اور گرد و نواح میں بارش ہونے سے درجہ حرارت میں کمی آئی ہے اور موسم سرد ہو گیا ہے،نوشہرہ اور ٹانک شہر و گرد و نواح میں ہلکی بارش سے موسم سرد اور خوشگوار ہو گیا ہے۔
میانوالی اور اس کے گرد و نواح میں بارش کے باعث موسم خوشگوار اور ٹھنڈا ہو گیا، سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ شاہ پور سرگردھا میں بارش کا سلسلہ رات سے جاری ہے۔ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔

