سعودی فٹبالر سالم الدوسری ایشین پلیئر آف دی ایئر قرار

Salem Al-Dawsari player of the year

ایشیائی فٹبال کے سب سے بڑے اعزاز ‘ایشین پلیئر آف دی ایئر’ کا تاج ایک بار پھر سعودی عرب کے مایہ ناز کھلاڑی سالم الدوسری کے سر سجا، جبکہ خواتین کے مقابلے میں جاپان کی دفاعی کھلاڑی ہانا تاکاہاشی نے میدان مار لیا۔

یہ ایوارڈز ریاض میں منعقد ہونیوالی ایک پُروقار تقریب میں دیے گئے۔

الہلال کلب کے مڈفیلڈر اور سعودی قومی ٹیم کے اسٹار سالم الدوسری نے دوسری بار یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ اس سے قبل وہ 2022 میں بھی یہ ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔ رواں سال قطر کے اکرام عفیف اور ملائیشیا کے عارف ایمان بھی نامزد تھے، تاہم سالم الدوسری نے بازی مار لی۔

اس موقع پر سالم الدوسری نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اس اعزاز پر شکر گزار ہوں۔ دوسری بار جیتنا اس لیے بھی خاص ہے کہ اس کے پیچھے سخت محنت ہے۔ انفرادی اعزازات سے زیادہ مجھے ٹیم کی کامیابیاں عزیز ہیں، مگر یہ ایوارڈ ان کامیابیوں کی تکمیل ہے۔ یہ کامیابی میرے چاہنے والوں، ساتھی کھلاڑیوں اور کلب و قومی ٹیم کے تمام افراد کے لیے ہے۔

یاد رہے کہ یہ اعزاز اب تک سات مرتبہ سعودی کھلاڑیوں کو مل چکا ہے۔ 1994 میں سعید العویران اس اعزاز کو حاصل کرنے والے پہلے سعودی کھلاڑی تھے۔

بہترین ویمن فٹبالر

ادھر خواتین کے شعبے میں جاپان کی ہانا تاکاہاشی نے آسٹریلیا کی ہولی میک‌-نمارا اور چین کی وانگ شوآنگ کو پیچھے چھوڑ کر میدان مارا۔ تاکاہاشی اس اعزاز کو حاصل کرنے والی چھٹی جاپانی کھلاڑی بن گئیں۔

ایک ویڈیو پیغام میں اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ اگلے سال ہونے والے ویمنز ایشین کپ کی تیاری میری اولین ترجیح ہے اور میری کوشش ہوگی کہ جاپان کی قومی ٹیم میں جگہ بناؤں اور شاندار کارکردگی دکھا کر ایشیا میں خواتین فٹبال کو مزید ترقی دوں۔

دیگر ایوارڈز

تقریب میں دیگر اعزازات بھی تقسیم کیے گئے۔

شمالی کوریا کے ری سونگ ہو کو سال کے بہترین کوچ کا ایوارڈ دیا گیا، جنہوں نے گزشتہ سال انڈر-20 ویمنز ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کو چیمپیئن بنایا۔

بین الاقوامی سطح پر پیرس سینٹ جرمین کے جنوبی کوریائی کھلاڑی لی کانگ-ان کو ‘انٹرنیشنل پلیئر آف دی ایئر‘ قرار دیا گیا، جب کہ خواتین کا بین الاقوامی ایوارڈ چیلسی اور جاپان کی مائیکا ہامانو کے حصے میں آیا۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp