محکمہ داخلہ بلوچستان نے سرحدی اضلاع میں گندم کی غیر قانونی ترسیل اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
کوئٹہ سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ اقدام گندم کی اسمگلنگ، چھپانے اور مقررہ حد سے زائد ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کیلئے کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ گندم کوغیرقانونی طور پرذخیرہ کرنے، چھپانے یا اس کی مقررہ حد سے زیادہ مقدار رکھنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اس مقصد کیلئے متعلقہ اداروں کو مکمل اختیارات دے دیئے گئے ہیں۔
پنجاب میں گرمیوں کی چھٹیوں میں کمی پر غور
محکمہ داخلہ نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ مشتبہ گوداموں کی فوری تلاشی لی جائے، ٹرانسپورٹ دستاویزات کی باریک بینی سے جانچ کی جائے اور غیر قانونی گندم کو فوری طور پر ضبط کیا جائے۔
اعلامیے کے مطابق یہ احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور آئندہ دو ماہ تک مؤثر رہیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مقامی منڈی میں گندم کی دستیابی کو یقینی بنانا اور قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنا ہے تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
