خیبرپختونخوا حکومت نے ہنگامی خدمات کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے شاہ کس خیبر کے مقام پر ریسکیو 1122 کی جدید اکیڈمی کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔
ترجمان ریسکیو بلال فیضی کے مطابق یہ اکیڈمی 300 کنال اراضی پر تعمیر کی جائے گی، جس کا مقصد صوبے میں ایمرجنسی رسپانس کو عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے۔
ترجمان کے مطابق منصوبے کی مجموعی لاگت 3 ارب 79 کروڑ 70 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ اکیڈمی کی تعمیر 30 جون 2028 تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
اپنا گھر پروگرام:ایک کروڑ تک قرضہ حاصل کرنے کا طریقہ
اس جدید تربیتی ادارے میں ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کو بنیادی اور جدید خطوط پرتربیت فراہم کی جائے گی، جس سے ایمرجنسی صورتحال میں انکی کارکردگی مزید بہتر ہو سکے گی، اکیڈمی میں فائرفائٹنگ، ایمرجنسی میڈیکل سروسزاورڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں خصوصی تربیت دی جائیگی۔
اس کے علاوہ سوئمنگ پول میں غوطہ خوروں کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ پانی سے متعلق حادثات میں فوری اور مؤثر کارروائی ممکن ہو سکے، جسمانی فٹنس کیلئے گراؤنڈز، جم اورجدید آلات بھی اکیڈمی کا حصہ ہونگے۔
مزید برآں، اکیڈمی میں آڈیٹوریم، ٹریننگ ٹاور، رہائشی ہوسٹلز اوردیگرجدید سہولیات شامل ہوں گی۔ نئے بھرتی ہونے والے اہلکاروں کیلئے چھ ماہ کا تربیتی پروگرام لازمی قرار دیا جائے گا، جبکہ حاضر سروس اہلکاروں کیلئے ریفریشر کورسز بھی کرائے جائیں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ اکیڈمی میں طلبہ، سرکاری اور نجی اداروں کے افراد کو بھی فرسٹ ایڈ اور فائر فائٹنگ کی تربیت فراہم کی جائے گی، جس سے معاشرے میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کی مجموعی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
