پاکستان کے دشمنوں کو مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے مکمل شکست دی جائے گی، وزیر اعظم

Shahbaz Sharif

راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کر دی گئی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کو متحد ہو کر مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے مکمل شکست دی جائے گی۔

کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد شہید کی نماز جنازہ میں وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، شہید کے لواحقین اور دیگر افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کو متحد ہو کر مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے مکمل شکست دی جائے گی۔ یہ قربانیاں پرامن اور خوشحال پاکستان کے لیے ہر قسم کی دہشت گردی کو شکست دینے کے ہمارے عزم کی عکاس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم ان غیر ملکی پشت پناہی کے حامل دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف پرعزم ہے۔ پاکستان کے ان دشمنوں کو متحد ہو کر مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے مکمل شکست دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: بڑے کاشتکاروں پر ٹیکس لگے گا یہ آئی ایم ایف کی شرط ہے، آصف علی زرداری

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جس کے نتیجے میں کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد شہید ہوئے جبکہ 2 دہشتگرد مارے گئے تھے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں