وزیر اعظم کے کلمات پر ایرانی صدر خوشگوار حیرت میں مبتلا

Shahbaz Sharif

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر سے ملاقات کے دوران فارسی میں کلمات ادا کیے جس پر ابراہیم رئیسی خوشگوار حیرت میں مبتلا ہو گئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس دوران شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی سے فارسی میں گفتگو کی۔

شہباز شریف نے ایرانی صدر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’چشمِ ماہ روشن دلِ ما شاد‘‘ آپ کو دیکھ کر ہماری آنکھیں ٹھنڈی ہوئیں اور دل خوش ہوا۔

وزیر اعظم نے ایرانی صدر کو علامہ تقی بہار کے پاکستان کے بارے فارسی میں کلام ’درود بر پاکستان‘ بھی پڑھ کر سنایا، ’’ہمیشہ لطف خداباد یارِ پاکستان، بہ کین مباد فلک با دیارِ پاکستان‘‘ جس کا اردو ترجمہ ہے کہ ’پاکستان پر اللہ تعالی کا ہمیشہ فضل و کرم جاری رہے اور آسمان پاکستان سے کبھی ناراض نہ ہو‘۔

یہ بھی پڑھیں: دہشتگرد پاک ایران تعلقات کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، آرمی چیف

شہباز شریف نے ایرانی صدر سے گفتگو میں فارسی میں شعر بھی پڑھا جس میں ان کے دورہ پاکستان کا بھرپور خیرمقدم اور انہیں بار بار پاکستان آنے کی دعوت دی گئی۔ ان کی فارسی میں گفتگو پر ایرانی صدر اور شرکاء کے چہروں پر مسکراہٹیں پھیل گئیں۔

ایرانی صدر و وفد وزیر اعظم کے فارسی زبان پر عبور کو دیکھ کر خوشگوار حیرت میں مبتلا ہو گئے۔ وزیر اعظم کی فارسی میں گفتگو اور اشعار سن کر شرکاء داد دیئے بغیر نہ رہ سکے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں