وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پرتشدد جتھے نے انتخابات کو متنازع بنانےکی ناکام کوشش کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں پرامن، شفاف اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہوا، جس میں مرکزی دھارے کی تمام سیاسی جماعتوں نے بھرپور حصہ لیا اور کشمیری عوام نے بڑی تعداد میں ووٹ ڈال کر جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا۔
راولا کوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابی عمل کے دوران مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، آئی پی پی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے بڑے جلسے، کارنر میٹنگز اور انتخابی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف راولا کوٹ میں تقریباً چھ لاکھ ووٹ کاسٹ ہوئے اور انتخابات کے تمام تقاضے مکمل کیے گئے۔
Federal Information Minister Attaullah Tarar said the banned Joint Awami Action Committee could not accept the peaceful and transparent conduct of the AJK elections and resorted to violence in Rawalakot. He said prohibited weapons were recovered from the group and that its… pic.twitter.com/pYgolVuyjW
— P Connect (@ConnectingPak) July 28, 2026
انہوں نے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو پرامن اور شفاف انتخابات ہضم نہیں ہوئے۔ ان کے بقول ایک پرتشدد جتھے نے آزاد کشمیر کے امن، ترقی اور پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، تاہم کشمیری عوام نے ایسے عناصر کو مسترد کرتے ہوئے جمہوری راستہ اختیار کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ متعلقہ عناصر سے ممنوعہ اسلحہ بھی برآمد ہوا اور وہ شروع سے کہتے آ رہے تھے کہ یہ پرامن احتجاج نہیں بلکہ ایک منظم پرتشدد جتھا ہے، جو بیرونی ایجنڈے اور بھارتی فنڈنگ کے تحت اپنی سرگرمیاں چلا رہا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ایسے عناصر کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے اور حکومت کسی کو بھی امن و امان خراب کرنے یا عوام کی جان و مال کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے گی۔
میرپور ڈویژن کے انتخابات میں کامیابی عوام کے اعتماد کا مظہر ہے، نواز شریف
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ہر معاملے میں آزاد کشمیر کی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے اور تشدد کے ذریعے انتخابی عمل میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام ان عناصر کے مقاصد سے بخوبی آگاہ ہیں، جو کشمیر کاز کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کشمیر کاز کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچنے دے گی اور ایسے عناصر اپنی کوششوں میں ناکام رہیں گے۔
