وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عام آدمی کو اپنی چھت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ’’پرائم منسٹر اپنا گھر اسکیم‘‘ پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسکیم کے تحت فنانسنگ اور ہاؤسنگ منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عام آدمی کو اپنی چھت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسی مقصد کے تحت غریب اور متوسط طبقے کے لیے ’’وزیراعظم اپنا گھر اسکیم‘‘ شروع کی گئی ہے۔
اسلام آباد : 28 جولائی، 2026.
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر اپنا گھر اسکیم پر پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا.
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ عام آدمی کو چھت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے. ملک کے غریب و متوسط… pic.twitter.com/wKJmU6hy7u
— Prime Minister's Office (@PakPMO) July 28, 2026
وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اپنا گھر اسکیم پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے، جبکہ سرکاری اور نجی بینک اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ فنانسنگ فراہم کریں۔ انہوں نے عمودی اور افقی ماڈل ہاؤسنگ منصوبوں کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپنا گھر اسکیم کے تحت بینک اب تک 204 ارب روپے کی فنانسنگ منظور کر چکے ہیں، جبکہ 27 ارب روپے کی فنانسنگ جاری کی جا چکی ہے۔
بریفنگ کے مطابق وزارت ہاؤسنگ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان اسکیم پر پیشرفت کا ہر ہفتے باقاعدگی سے جائزہ لے رہے ہیں تاکہ منصوبے پر عملدرآمد کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
امریکی کانگریسی اور تجارتی وفود کی وزیراعظم سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق
اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔
