2018 الیکشن میں ایک لاکھ سے زائد ووٹ لینے والے امیدوار

election ضمنی انتخاب

اسلام آباد(شہزاد پراچہ) الیکشن کمیشن کے اعددوشمار کے مطابق 2018 الیکشن میں دس امیدواروں نے مختلف حلقوں سے الیکشن لڑتے ہوئے ایک لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کیے ان دس امیدواروں میں سابق وزیراعظم عمران خان، سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الہی اور پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن اسمبلی امجد علی خان 8 فروری کو ہونے والے الیکشن میں حصہ نہیں لے رہے۔

2018 کے الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدوار چوہدری شوکت علی بھٹی نے مسلم لیگ نواز کی سائزہ افضل تارڈ کو شکست دیتے ہوئے حلقہ این اے 87 میں ایک لاکھ 65 ہزار 8 سو 35 ووٹ حاصل کیے اب اسی حلقہ سے سائزہ افضل تارڈ کے مقابلہ میں پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ انیقہ بھٹی مدمقابل ہیں۔

پی ٹی آئی کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران احمد خان نیازی نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 95 میانوالی سے ایک لاکھ 65 ہزار 5 سو 18 ووٹ لیے جو کسی بھی امیدوار کی جانب سے دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ ووٹ تھے۔

اس حلقہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ جمال احسن خان کے مقابلہ میں عبید اللہ شادی خیل، نواب محمد عامر خان، میجر خرم حمید خان روکھڑی ہیں۔

تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر طاہر صادق نے حلقہ این اے 56 سے الیکشن 2018 میں حصہ لیا اور ایک لاکھ 64 ہزار 1 سو 78 ووٹ حاصل کر کے اس فہرست میں تیسرے نمبر پر رہے۔اس حلقہ میں طاہر صادق کے مقابلہ میں ن لیگ کے شیخ افتاب الیکشن لڑ رہے ہیں۔

پی ٹی آئی ہی کے احسن اقبال چوہدری نے حلقہ این اے 78 سے ایک لاکھ 60 ہزار 20 ووٹ حاصل کیے اور ووٹوں کے اعتبار سے چوتھے کامیاب ترین امیدوار قرار پائے۔

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سابق رہنما ( جو اب تحریک انصاف میں شامل ہیں) چوہدری پرویز الٰہی نے گزشتہ عام انتخابات میں حلقہ این اے 65 سے حصہ لیا جہاں سے انہوں نے ایک لاکھ 58 ہزار 4 سو 77 ووٹ حاصل کیے اور پانچویں نمبر پر رہے۔

امجد علی خان نے 2018 کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر این اے 96 سے ایک لاکھ 58 ہزار 1 سو 191 ووٹ حاصل کیے اور چھٹے کامیاب ترین امیدوار قرار پائے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ذوالفقار علی خان نے حلقہ این اے 64 سے ایک لاکھ 55 ہزار 5 سو 98 ننانوے ووٹ حاصل کر کے ساتویں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے میدوار رہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی خاتون رہنما شمس النساء نے قومی اسمبلی حلقہ این اے 232 سے انتخابات میں حصہ لیا اور ایک لاکھ 52 ہزار 700 ووٹ حاصل کیے اور آٹھویں نمبر پر رہیں۔

مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر ناصر اقبال بوسال نے حلقہ این اے 86 میں ایک لاکھ 47 ہزار 3 سو 94 ووٹ حاصل کیے اور نویں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے امیدوار کے طور پر سامنے آئے۔

سابق وزیر اعظم شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز شریف نے حلقہ این اے 124 سے ایک لاکھ 46 ہزار 3 سو 6 ووٹ حاصل کیے اور عام انتخابات میں زیادہ ووٹ لینے والے امیدواروں میں دسویں نمبر پر رہے۔


متعلقہ خبریں