اسلام آباد: پاکستان اور ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے درمیان 32 کروڑ ڈالر قرض کے معاہدے پر دستخط ہو گئے۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق پاکستان اور ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے درمیان این فائیو ہائی وے بحالی منصوبے کے لیے 32 کروڑ ڈالر قرض معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا کہ حاصل ہونے والی رقم این فائیو ہائی وے کی بحالی اور تعمیر نو پر خرچ کی جائے گی۔ جس سے سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ٹرانسپورٹ رابطے مزید مضبوط ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک پاکستان کا قابل اعتماد ترقیاتی شراکت دار ہے۔ اور یہ منصوبہ علاقائی رابطہ کاری، تجارت اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا توانائی شعبے میں بڑا قدم، 3 ڈسکوز کی نجکاری شروع
احد چیمہ نے کہا کہ جدید انفراسٹرکچر اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ڈیزائن کے تحت این فائیو کی تعمیر نو کی جائے گی۔ جبکہ یہ منصوبہ پاکستان میں پائیدار ترقی اور مؤثر ٹرانسپورٹ نظام کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔
