لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب حکومت کی جانب سے اسکولوں میں 3 ماہ کی موسم گرما تعطیلات کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی۔ جس پر عدالت نے حکومت سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں درخواست آل پاکستان پرائیویٹ اسکول فیڈریشن کی جانب سے دائر کی گئی۔ جس پر سماعت جسٹس خالد اسحاق نے کی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی حکومت نے شدید گرمی کے پیش نظر تعلیمی اداروں کو 3 ماہ تک بند رکھنے کا حکم دیا۔ جس سے تعلیمی سال کم ہو کر صرف 120 دن رہ گیا ہے۔
درخواست گزاروں نے مؤقف اپنایا کہ امریکا اور انگلینڈ سمیت کئی ممالک میں تعلیمی سال تقریباً 230 دن پر مشتمل ہوتا ہے۔ جبکہ پاکستان میں طویل تعطیلات طلبا کی تعلیم کو شدید متاثر کر سکتی ہیں۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ موسم گرما کی تعطیلات کو 6 سے 8 ہفتوں تک محدود کرنے کا حکم دیا جائے۔ اور 3 ماہ کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: اسکولوں کو گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران سمر کیمپس کی اجازت
عدالت نے فوری طور پر چھٹیوں کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے پنجاب حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔
