بھارت کے شہر مراد آباد میں ایک غیر معمولی طبی واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک خاتون نے صرف پانچ دن کے دوران چار بچوں کو جنم دیا، جس نے طبی ماہرین کو بھی حیرت میں ڈال دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم خاتون آمنہ نے 9 مئی کو پہلے بچے کو جنم دیا جبکہ باقی تین بچوں کی پیدائش 14 مئی کو ہوئی۔ ان میں دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں، حیران کن طور پر تمام بچوں کی پیدائش نارمل ڈیلیوری کے ذریعے ہوئی جب کہ عام طور پر اس نوعیت کے کیسز میں آپریشن کو ترجیح دی جاتی ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ عام طور پر ایک سے زیادہ بچوں کی پیدائش ایک ہی وقت میں ہوتی ہے لیکن اس طرح وقفے کے ساتھ پیدائش کا واقعہ انتہائی نایاب سمجھا جاتا ہے، ماں اور تمام بچے اس وقت ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں اور ان کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے۔
یہ خبر منظرِ عام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہوگئی اور صارفین کی بھرپور توجہ کا مرکز بن گئی، لوگ اس حیران کن واقعے پر مختلف انداز میں ردِعمل دیتے نظر آئے، کسی نے اسے قدرت کی کرشمہ سازی قرار دیا تو کسی نے ماں اور ڈاکٹروں کی جرات اور صبر کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
سوشل میڈیا پر مزاحیہ تبصروں کا بھی سلسلہ جاری رہا، جہاں کچھ صارفین نے دلچسپ انداز میں کہا کہ ایک ہی بار میں گھر مکمل ہوگیا ، جب کہ بعض نے اسے قدرت کا منفرد تحفہ قرار دیتے ہوئے حیرت اور خوشی کا اظہار کیا۔
2 کروڑ 50 لاکھ شہد کی مکھیوں کو بچانے کیلئے انوکھا ریسکیو آپریشن
مجموعی طور پر یہ واقعہ نہ صرف طبی اعتبار سے توجہ کا باعث بنا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی گفتگو کا بڑا موضوع بن گیا۔
