میٹرک کے نتائج کا اعلان ہو گیا، تمام طلبا پاس

میٹرک کے نتائج کا اعلان ہو گیا، تمام طلبا پاس

فائل فوٹو


لاہور: پنجاب بھر میں میٹرک کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا کورونا پالیسیوں کے تحت تمام طلبا کو پاس کر دیا گیا۔

پنجاب بھر میں میٹرک کے امتحانات میں شریک ہونے والے تمام طلبا کو پاس کر دیا گیا اور صرف غیر حاضر طلبا کو فیل کیا گیا ہے۔

چیئرمین لاہور بورڈ کے مطابق کورونا پالیسیوں کے تحت تمام طلبا کو کامیاب کر دیا گیا جبکہ میٹرک کے امتحانات میں صرف غیر حاضر بچوں کو فیل کیا گیا ہے جبکہ اسپیشل امتحانات 11 دسمبر سے لیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ غیر حاضر اور نمبروں سے غیر مطمئن بچے اسپیشل امتحان دیں گے۔ میٹرک میں کامیابی کا تناسب 98.92 فیصد رہا۔

چیئرمین لاہور بورڈ مرزا حبیب کے مطابق 2 لاکھ 6 ہزار 349 طلبا نے میٹرک کا امتحان دیا اور 2 لاکھ 4 ہزار 124 بچے میٹرک امتحانات میں پاس ہوئے۔ 26 ہزار 228 طلبا اے گریڈ میں پاس ہوئے۔ بی گریڈ میں 31 ہزار 914 طلبا پاس ہوئے، 44 ہزار 557 طلبا سی گریڈ میں پاس ہوئے اور 60 ہزار 692 طلبا اے پلس گریڈ میں پاس ہوئے۔

بہاولپور کے میٹرک امتحانات میں ایک لاکھ 4103 طلبا شریک ہوئے اور ایک لاکھ 3128 طلبا کامیاب قرار پائے۔ کامیابی کا تناسب 99.06 فیصد رہا۔

بہاولپور بورڈ میں 242 طلبا کے 1100 میں سے 1100 نمبر آئے جبکہ 1098 نمبر حاصل کرنے والے طلبا کی تعداد 316 ہے۔ تیسرے نمبر پر 333 طلبا نے 1096 نمبر حاصل کیے۔

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا کے میٹرک امتحانات میں 84 ہزار 422 طلبا نے حصہ لیا اور کورونا پالیسی کے تحت 82 ہزار 593 طلبا کامیاب قرار پائے۔

ملتان میں بھی میٹرک کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا اور بورڈ حکام کے مطابق ایک لاکھ 29 ہزار 455 طلبا میٹرک کے امتحان میں کامیاب ہوئے۔ امتحان میں طلبا کی کامیابی کا تناسب 99.34 فیصد رہا۔

یہ بھی پڑھیں: 100 فیصد نمبرز لینے کا رواج چل نکلا، ملتان بورڈ کے 48 طلبا کی پہلی پوزیشن

دو روز قبل انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان کیا گیا تھا اور اس میں بھی ان تمام طلبا کو پاس کر دیا گیا تھا جو امتحانات میں شریک ہوئے تھے جبکہ صرف وہ طلبا فیل تھے جنہوں نے امتحانات میں شرکت نہیں کی۔


متعلقہ خبریں