گلگت بلتستان کے چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز نے مختلف حلقوں میں انتخابی تنازعات، دوبارہ گنتی، ری پولنگ اور دیگر اعتراضات سے متعلق درخواستوں پر فیصلے سنا دیے ہیں۔
فیصلوں کے مطابق بیشتر درخواستیں مسترد کر دی گئی ہیں جبکہ کامیاب امیدواروں کی کامیابی برقرار رکھی گئی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے جی بی اے 17 دیامر 3 میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار محمد نسیم کی کامیابی برقرار رکھی۔
اسی طرح جی بی اے 18 دیامر 4 میں ری پولنگ کی درخواست بھی مسترد کر دی گئی، جس کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کفایت الرحمان کی جیت برقرار رہے گی۔
بانی پی ٹی آئی کو رات کی تاریکی میں خفیہ طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، شفیع جان
جی بی اے 14 استور 2 میں دائر انتخابی اعتراضات بھی مسترد کر دیے گئے اور مسلم لیگ (ن) کے رانا محمد فاروق کی کامیابی برقرار رکھی گئی۔
اسی طرح جی بی اے 20 غذر 2 میں اعتراض مسترد ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے عبدالجہان کی کامیابی برقرار رہی۔
چیف الیکشن کمشنر نے جی بی اے 19 غذر 1 میں بھی اعتراض مسترد کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے جلال شاہ کی کامیابی برقرار رکھنے کا فیصلہ دیا۔ علاوہ ازیں جی بی اے 15 دیامر 1 سے متعلق دائر اعتراض بھی مسترد کر دیا گیا۔
فیصلوں کے بعد گلگت بلتستان اسمبلی کی متعدد نشستوں کے نتائج برقرار رہنے سے انتخابی عمل کے حوالے سے پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال میں نمایاں کمی آئی ہے۔
