ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایران کی سفارتی کامیابی قرار دیا ہے۔
تہران میں اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران اس عمل سے کامیاب ہو کر ابھرا ہے اور یہ معاہدہ خطے اور مزاحمتی قوتوں کے عزم، استقامت اور وقار کی ایک اہم دستاویز ہے۔
صدرپزشکیان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے ایک انتہائی مختصر حصے میں معمولی اختلاف موجود ہے تاہم مجموعی طور پر یہ مفاہمتی یادداشت ایران کے مؤقف اور قومی مفادات کے مطابق ہے، معاہدے پراسرائیل کا ردعمل خود اس بات کا ثبوت ہے کہ ایران اپنے مقاصد کے حصول میں کامیاب رہا ہے۔
حزب اللّٰہ کا امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کا خیرمقدم
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ یہ ایم او یو کئی ماہ پر محیط مذاکرات، سفارتی رابطوں اور مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے، ان کے مطابق اگر معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل عملدرآمد کیا گیا تو یہ ایرانی قوم اور ملک کیلئے باعثِ فخر دستاویز ثابت ہوگی۔
مسعود پزشکیان نے معاہدے کی تکمیل میں کردار ادا کرنے والی سیاسی اورسفارتی قیادت کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا، انہوں نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکرمحمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اوردیگر متعلقہ حکام کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں نے اس اہم سفارتی پیش رفت کو ممکن بنایا۔
ایرانی صدر کے مطابق یہ مفاہمتی یادداشت نہ صرف ایران بلکہ پورے خطے میں استحکام، جنگ بندی اور سفارتی حل کے فروغ کے لئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔
