حضرت لعل شہباز قلندرؒ کاعرس، پاکستان ریلویز کے خصوصی اقدامات


لاہور:پاکستان ریلویز نے حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے عرس کے موقع پر ٹرینوں اورریلوے اسٹیشنوں کی سیکیورٹی سخت کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

انسپکٹرجنرل ریلوے پولیس ڈاکٹرمجیب الرحمان نے ٹرینوں میں گیس سیلنڈرز،آتش گیر مادہ،چولہا اور دہماکہ خیز مواد لے جانے پر پابندی عائد کردی ہے۔

حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے عرس میں جانے والے زائرین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اسپیشل کوچزاور ٹرینیں لاہور، فیصل آباد، ملتان، سکھر، حیدرآباد، کوٹری اور کراچی سے سیہون شریف تک چلائی جائیں گی۔

یکم سے دس مئی کے دوران بم ڈسپوزل آفیسرز اور متعلقہ ڈویژنوں کے پولیس آفیسرز تمام اسٹیشنوں اور ٹرینوں کا خصوصی معائنہ کریں گے۔

آئی جی ریلوے پولیس کی جانب سے ڈی آئی جیز کو بھیجے گئے حکمنامے میں واضح کیا گیا ہےکہ لاہور، ملتان،روہڑی، سکھر، جیکب آباد، نواب شاہ، حیدرآباد، کوٹری، لاڑکانہ، دادواورسیہون شریف میں میٹل ڈیٹکٹر سے چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔

ریلوے پولیس افسران کو ہدایات دی گئی ہیں کہ مسافروں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر ٹریک کی نگرانی بھی بڑھائی جائے۔

مسافروں کو کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے محفوظ رکھنے کے لیے کراچی اور سیہون شریف میں فرسٹ ایڈ کی ڈسپنسریز بھی قائم ہوں گی۔ دو ایمبولینسز اور آگ بھجانے کے لئے ایک گاڑی سیہون شریف ریلوے اسٹیشن پرموجود رہے گی۔

ڈویژنل سپریٹنڈنٹ ریلوے کراچی کی جانب سے دوران عرس کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی کیمپس لگے رہیں گے۔


متعلقہ خبریں