مری کی ضلعی انتظامیہ نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ممکنہ رش اور امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے مال روڈ سمیت پورے سیاحتی علاقے میں دفعہ 144 نافذ کر دی۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندیاں آج 21 مئی سے نافذ العمل ہو چکی ہیں۔ جو 31 مئی تک برقرار رہیں گی۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پابندی کا مقصد سیاحوں کے رش کو منظم کرنا اور انہیں بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مری میں عید کے دوران مخصوص فیملیز کو مال روڈ سمیت محدود علاقوں تک رسائی دی جائے گی۔ کیونکہ یہ مقامات سیاحوں کی بڑی توجہ کا مرکز ہوتے ہیں۔
دفعہ 144 کے تحت ہلڑ بازی، امن عامہ میں خلل ڈالنے، آتشیں اسلحے کی نمائش یا موجودگی اور پٹاخوں کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔
انتظامیہ کے مطابق ان اقدامات کا مقصد ممکنہ ہجوم، ٹریفک جام اور دیگر مسائل سے نمٹنا ہے۔ کیونکہ عید کے موقع پر بڑی تعداد میں سیاح مری کا رخ کرتے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ دفعہ 144 پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں عید کے دوران ہیٹ ویو کا الرٹ جاری
دوسری جانب پنجاب بھر میں بھی عیدالاضحیٰ کے آغاز پر 27 مئی سے 2 جون تک 7 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ تاکہ صفائی، ماحولیاتی تحفظ اور عوامی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
