نئی دہلی: ممبئی انڈینز کے کپتان ہاردک پانڈیا کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سزا سنا دی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہاردک پانڈیا پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا۔
ہاردک پانڈیا کے خلاف کارروائی کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے میچ کے دوران پیش آنے والے واقعے کے بعد کی گئی۔ جہاں میچ ریفری راجیو سیتھ نے انہیں لیول ون خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا۔
رپورٹ کے مطابق آل راؤنڈر نے غصے میں آ کر کریز پر واپس جاتے ہوئے بیلز کو زور سے ہٹایا۔ جو آئی پی ایل قوانین کے آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی ہے۔
ہاردک پانڈیا نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری کی جانب سے عائد کردہ سزا کو قبول کر لیا۔
آئی پی ایل قوانین کے مطابق لیول ون خلاف ورزی پر میچ ریفری کا فیصلہ حتمی ہوتا ہے اور اس کے خلاف اپیل نہیں کی جا سکتی۔
یہ بھی پڑھیں: شان مسعود ٹیسٹ کپتان رہیں گے یا نہیں؟ فیصلہ پی سی بی کرے گا
واضح رہے کہ ہاردک پانڈیا اپنی جارحانہ قیادت اور جذباتی انداز کے لیے جانے جاتے ہیں۔ تاہم اس واقعے کے بعد ان کے رویئے پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔
