امریکی جنگی بحری بیڑے میں مزید 18 اہلکار کورونا سے متاثر


واشنگٹن: امریکی جنگی بحری بیڑے کے مزید 18 اہلکار کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے۔

امریکہ میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ امریکہ کے ایک اور جنگی بحری بیڑے پر تعینات سیلرز کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بحری بیڑے یو ایس ایس کڈ میں تعینات 18 اہلکار کورونا کے مریض بن چکے ہیں جبکہ کورونا کیسز میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

اس سے قبل تیوڈور روزویلٹ نامی نیو کلیئر ہتھیار سے لیس امریکی بحری بیڑے کے عملے میں 550 سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ جس میں پانچ ہزار افراد سوار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں امریکی صدر لوگوں کو دیے گئے مشورے سے مکر گئے

واضح رہے کہ امریکہ اس وقت دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک میں سرفہرست ہے اور اب تک 52 ہزار سے زائد افراد کورونا سے ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ نو لاکھ پچیس ہزار سے زائد افراد مہلک مرض سے متاثر ہیں۔

امریکہ میں کورونا وائرس میں مبتلا ایک لاکھ سے زائد افراد صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔

عالمی وبا کوروناوائرس کے سبب دنیا میں مریضوں کی تعداد اٹھائیس لاکھ  تیس ہزار سے بڑھ گئی ہے اور ایک لاکھ ستانوے ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں جب کہ سات لاکھ اٹھانوے  ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔

یورپ پر کورونا کے وار بدستور جاری ہیں اور اسپین میں مزید تین سو سڑسٹھ افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ اسپین میں مرنے والوں کی تعداد ساڑھے بائیس ہزار سے بڑھ گئی۔

فرانس میں مزید تین سو نواسی افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ مرنے والوں کی تعداد بائیس ہزار دو سو سے زائد ہے۔ اٹلی میں بھی مزید چار سو بیس افراد  موت کے منہ میں چلے گئے ہیں اور مرنے والوں کی تعداد پچیس ہزار نو سو انہترہو گئی ہے۔


متعلقہ خبریں