بھائی کے مبینہ قتل کا بدلہ: معصوم بچوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا

فوٹو: فائل


کراچی: شہر قائد میں دو کمسن بچوں کو اغوا کے بعد قتل کرنے والے ایف آئی آر میں درج نامزد ملزمان ہی نکلے۔ ملزمان نے بچوں کی نعشیں نیو کراچی کے قبرستان میں پھینک دی تھیں اور فرار ہوگئے تھے۔

سگی بیٹیوں نے اپنے ہی والد کو قتل کرکے خودکشی کا رنگ دے دیا

ہم نیوز کے مطابق پولیس نے نامزد ملزمان نفیس اور رفیق کو گرفتار کرلیا ہے جنہوں نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔

پولیس کے ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ ملزمان نے ابتدائی بیان میں تسلیم کیا ہے کہ دونوں بچوں کا قتل مبینہ طور پر اپنے بھائی کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے کیا۔

گرفتار ملزمان کے مطابق 12 سال قبل ان کے بھائی کا انتقال کرنٹ لگنے سے ہو گیا تھا لیکن نفیس اور رفیق کو یقین ہے کہ ان کے بھائی کو قتل کیا گیا تھا جس کی ذمہ دار ان کی بھابھی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق ملزمان کا کہنا ہے کہ ان کی بھابھی نے بھائی کے انتقال کے بعد دوسری شادی کرلی تھی جس سے اس کے دو بچے تھے۔ دونوں ملزمان نے اپنے بھائی کے مبینہ قتل کا بدلہ لینے کے لیے بھابھی کے دوسرے خاوند سے ہونے والے دونوں کمسن و معصوم بچوں کو اغوا کرنے کے بعد تیز دھار آلے سے ان کے گلے کاٹ دیے۔

پسند کی شادی جرم بن گئی ،غیرت کے نام پرنوجوان جوڑا قتل

معصوم بچوں کی نعشیں ملزمان نے نیو کراچی کے قبرستان میں پھینک دی تھیں اور فرار ہوگئے تھے۔ پولیس نے ملزمان کی نامزدگی کے بعد انہیں گرفتار کرکے تفتیش کی تو انہوں نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ ملزمان کی نشاندہی پر آلہ قتل تلاش کیا جارہا ہے جس کے بعد چالان عدالت میں جمع کرادیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں