مسئلہ کشمیر پر ترک صدر بھی پاکستان کے ہم خیال

Turkiya

فوٹو: فائل


دوشنبے: ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیریوں کی خواہش کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں عالمی سیکیورٹی کانفرنس سے خطاب کے دوران انہوں نے پاکستانی مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر مذاکرات کے بعد ہی حل ہو سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک دیرینہ تنازع ہے جس کا حل ناگزیر ہے۔

امریکہ کی طرف سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے پر ردِ عمل دیتے ہوئے ترک صدر نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ہم ہٹ دھرمیوں پر مبنی پالیسیوں کو مسترد کرتے ہیں، مقبوضہ بیت المقدس فلسطین کا دل ہے اور ہم اپنے مسلم ملک فلسطین کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترکی ہمسایہ ملک شام میں جنگ کے خاتمے اور استحکام کے قیام کی بھرپور کوششیں کر رہا ہے اور داعش، وائے پی جی، پی کے کے سمیت دیگر تنظیموں کو بھاری نقصان پہنچایا ہے جو شام کا مستقبل خطرے میں ڈال رہی ہیں۔

خیال رہے کہ تاجکستان میں ایشیائی ممالک کی پانچویں کانفرس ہو رہی ہے جس کا مقصد خطے میں موجود ممالک کے درمیان رابطے اور اعتماد بڑھانے کے لیے اقدامات کرنا ہے۔ مذکورہ کانفرنس میں پاکستان اور بھارت سمیت13  سربراہان مملکت شرکت کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں