پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مزمل اسلم نے اعلان کیا ہے کہ صوبے کے سرکاری ملازمین کو 20 مئی کو تنخواہیں جاری کر دی جائیں گی۔
خیبر پختونخوا حکومت نے عید سے ایک ہفتہ قبل سرکاری ملازمین کو تنخواہیں جاری کرنے کا اعلان کر دیا۔ تاکہ سرکاری ملازمین بروقت عید کی خریداری کر سکیں۔
وزیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے پیش نظر ملازمین کو بروقت مالی سہولت فراہم کرنے کے لیے تنخواہوں کی ادائیگی جلد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں مارکیٹوں، بازاروں اور شاپنگ مالز کو کاروباری اوقات کار کی پابندی سے عارضی طور پر استثنیٰ دے دیا گیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں تمام دکانیں، بازار اور شاپنگ مالز 31 مئی تک اوقات کار کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بیکریاں، تندور، ریسٹورنٹس اور کریانہ اسٹورز بھی اس پابندی سے آزاد ہوں گے جبکہ یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: عیدالاضحیٰ کے موقع پر طویل تعطیلات کا امکان
کابینہ ڈویژن کے مطابق وزیر اعظم کی منظوری سے کاروباری سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔
