پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ اہداف پر اتفاقِ رائے ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ، دونوں فریقین کے درمیان جاری مذاکرات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان میکرو اکنامک فریم ورک، اقتصادی شرح نمو، مہنگائی اور محصولات سے متعلق متعدد اہداف پر اصولی اتفاق ہو چکا ہے۔ تاہم نئے ٹیکس اقدامات، سیلز ٹیکس چھوٹ کے خاتمے اور سرکاری اخراجات میں کمی جیسے بعض معاملات پر مشاورت جاری ہے۔
آئی ایم ایف پروگرام میں کوئی نئی شرائط شامل نہیں ، وزارت خزانہ
اطلاعات کے مطابق آئی ایم ایف نے ٹیکس نیٹ کو مزید وسعت دینے اور ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح بڑھانے پر زور دیا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے تنخواہ دار طبقے اور بعض شعبوں کو ریلیف دینے کی تجاویز زیرِ غور ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ مذاکرات کے آئندہ چند روز میں مکمل ہونے کا امکان ہے جس کے بعد وفاقی بجٹ کو حتمی شکل دی جائے گی۔ حکومتی حلقے پرامید ہیں کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اتفاقِ رائے سے معاشی استحکام کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔
