لاہور:پاکستان کے سابق کپتان اور سٹائلش اوپنر سلمان بٹ کو لاہور قلندرز کی ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سلمان بٹ کو انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہونے والے کپتان محمد حفیظ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔اوپنر بلے باز کل دبئی میں ٹیم میں شمولیت اختیار کر لیں گے۔
لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشن عاقب جاوید نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے محمد حفیظ زخمی ہو کر ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں،اس موقع پر ٹیم کو ایک تجربہ کار بلے باز کی ضرورت تھی اور سلمان بٹ ان کا بہترین متبادل ہیں۔
لاہور قلندرز کے سی او او سمین رانا نے سلمان بٹ کی ٹیم میں شمولیت سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلمان بٹ کی لاہور قلندرز میں شمولیت اچھی ثابت ہو گی، وہ ماضی میں بھی ٹیم کا حصہ بننے کے لئے دستیاب تھے اور وہ اس وقت اچھی فارم میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں سلمان بٹ دوسری مرتبہ بڑے ایونٹ میں کھیلنے کے مستحق ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ وہ اپنی فارم کا کھل کر مظاہرہ کریں گے۔
واضح رہے سلمان بٹ نے پاکستان کی جانب سے 33 ٹیسٹ ، 78 ون ڈے اور 24 ٹی ٹوئنٹی میں نمائندگی کی تھی۔
سلمان بٹ نے اپنا آخری ون ڈے میچ بھارت کے خلاف 19 جون 2010 کو کھیلا تھا جب کہ آخری ٹی ٹوئنٹی میچ آسٹریلیا کے خلاف 6 جولائی 2010 کو کھیلا تھا۔